اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی دو روزہ دورے پر اسرائیل پہنچے بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کے روز اسرائیل کی پارلیمنٹ کنیست سے خطاب کیا۔ وزیر اعظم مودی نے اپنے خطاب میں 7 اکتوبر کو ہونے والے حماس کے حملے کا ذکر کرتے ہوئے متاثرین کے تئیں گہری تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اسرائیل کے درد کو سمجھتا ہے اور اس مشکل گھڑی میں پوری مضبوطی کے ساتھ اسرائیل کے ساتھ کھڑا ہے۔
انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ کسی بھی وجہ سے بے گناہ شہریوں کے قتل کو جائز قرار نہیں دیا جا سکتا۔ دہشت گردی کے خلاف سخت موقف اپناتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت خود طویل عرصے تک دہشت گردی کا شکار رہا ہے اور 26/11 کے ممبئی حملے کی تلخ یادیں آج بھی تازہ ہیں، جن میں اسرائیلی شہری بھی مارے گئے تھے۔
وزیر اعظم مودی نے کہا کہ بھارت میں یہودی برادری ہمیشہ امن اور آزادی کے ساتھ رہی ہے اور انہیں کبھی امتیاز یا ظلم کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ انہوں نے اسے بھارت کے لیے فخر کا موضوع قرار دیا۔
انہوں نے عالمی برادری سے دہشت گردی کے خلاف متحد ہو کر مسلسل کارروائی کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے کسی بھی حصے میں ہونے والی دہشت گردی پوری انسانیت اور عالمی امن کے لیے خطرہ بن جاتی ہے۔ وزیر اعظم نے اسرائیلی عوام کو یقین دلایا کہ امن کے قیام کی ہر کوشش میں بھارت ہمیشہ اسرائیل کے ساتھ رہے گا۔
آپ کا تبصرہ